شفقت علی خان

بھارت کی بڑھتی آبی جارحیت پر پاکستان کا ردعمل سامنے آگیا

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت نے پاکستان کو سفارتی سطح پر سیلاب کے حوالے سے مکمل تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے ایک دفعہ سفارتی ذرائع سے فلڈ کے بارے میں آگاہ کیا لیکن دونوں ممالک کے درمیان یہ طریقہ کار نہیں ہے، بھارت نے پاکستان کو سفارتی سطح پر سیلاب کے حوالے سے کچھ تفصیلات فراہم کی ہیں تاہم انھوں نے دفتر خارجہ کو مکمل تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

شفقت علی خان نے کہا کہ بھارت پاکستان کے اندر دہشت گردی میں ملوث ہے، پاکستان نے عالمی سطح پر اور دوست ممالک سے ثبوت شیئر کیے ہیں، پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے میں بھارتی کردار باقاعدہ دستاویزی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنا بند کرنا چاہے، جرمنی کو پاکستان میں موجود افغان شہریوں کے جرمنی جانے کے معاملے کو سنجیدگی سے لینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جرمن وزارت خارجہ کا پاکستان میں افغان مہاجرین کے حوالے سے بیان کو دیکھا ہے، جرمنی جانے کے منتظر افغان شہریوں کو جلد از جلد پاکستان سے نکالنا چاہیے، جرمنی کو جلد از جلد افغان شہریوں کو جرمنی بلانا چاہیے۔

شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان، اسرائیل کی جانب سے خان یونس میں حملوں کی شدید مزمت کرتا ہے، اسرائیل نے حملوں میں ہسپتالوں اور صحافیوں کو نشانہ بنایا، اسرائیل مسلسل انسانی حقوق کی پامالیاں کررہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ چین انتہائی کامیاب رہا، وزیر اعظم نے چینی صدر کی دعوت پر چین کا دورہ کیا جہاں وزیر اعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کی اور کئی اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، وزیر اعظم نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی۔

ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے افغانستان کے مسئلے کو ایس سی او میں اجاگر کیا ، وزیر اعظم نے افغانستان کے ساتھ باہمی بات چیت پر زور دیا۔ترجمان کے مطابق وزیر اعظم نے روس، آذربائیجان اور ایران کے صدور کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں، ایرانی صدر سے ملاقات میں پاکستان نے ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کے عزم کو دہرایا۔