عظمی بخاری

بھارت کو گھس کر مارا، شاہینوں نے سالمیت کی حفاظت کی،عظمیٰ بخاری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ شاہینوں نے پاکستان کی سالمیت کی حفاظت کی، دنیا پاک فضائیہ کو مان گئی اور فرانس کو رافیل کی فکر پڑ گئی،انڈیا کو لاہور میں ناشتے کا شوق تھا، فضائیہ نے تمام کھانے انڈیا میں ہی پہنچا دیئے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان کا جواب بھارت کبھی بھول نہیں پائے گا، مودی کی پورے خطے پر راج کی خواہش تھی، کل گھٹنوں پر آنا پڑا، مودی نے جھوٹے پروپیگنڈے چلائے، پاکستانی قوم اورمیڈیا کو سلام ہے، پاکستان نے بھارت کو سوشل میڈیا اور میدان میں شکست دی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے شہید بچوں کے نام لکھ کر میزائل ہندوستان میں داغے ہیں، بھارتی میڈیا یہ بتا نہیں رہا کہ نقصان کتنا ہوا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا ہمارے جواب کی گونج پوری دنیا میں سنائی دے گی، بھارت کو 4دن کی مستی کا جواب صرف 4گھنٹے میں دیا گیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے ہمیشہ کہا ہم پرامن قوم ہیں، جنگ نہیں چاہتے لیکن اس کو کمزوری نہ سمجھا جائے، شریف انسان وقت آنے پر سب سے بڑا بدمعاش ہوتا ہے، پاکستانی قوم بھارتی ڈرونز کو کندھوں پر اٹھا کر نعرے لگارہی تھی، ڈر کر بھاگی نہیں۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ افواج ملک کی سالمیت کی جنگ لڑنے کیلئے خود کو ہروقت تیار رکھتی ہیں، دشمن کہہ رہا تھا گھنس کر ماریں گے مگر ان کی ہمت نہیں ہوئی، پاکستانی شاہین ہندوستان میں گئے اورمار کر واپس آئے، ہم نےبھارت کی جنگ کی دھمکی کو جوتی کی نوک پر رکھا تھا۔