اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیربرائے اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ آج دنیا بھر میں انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جارہا ہے، بھارت اور قابض بھارتی فوج کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔
جمعرات کوسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بنیادی حقوق کی سنگین پامالیوں کا فوری نوٹس لینا چاہیے، مقبوضہ جموں کشمیر 5اگست 2019سے دنیا کی سب سے بڑی جیل کا منظر پیش کر رہا ہے، بھارت کو کٹہرے میں لانا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا مقبوضہ وادی میں خواتین، بچے اور بزرگ اپنے ہی گھروں میں قید ہیں۔کمیونی کیشن بلیک آﺅٹ اور سخت ترین قدغنیں عائد ہیں، انسانیت کےخلاف بھارتی جرائم رکوا کرہی اس دن کی عالمی ساکھ بڑھائی جاسکتی ہے۔خیال رہے کہ 10 دسمبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانی حقوق کا عالمی دن منایا گیا، جس کا مقصد انسانوں کو قابل احترام مقام دینا ہے۔