نارووال(رپورٹنگ آن لائن )وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارت کو پاکستان کے حصے کا پانی بند نہیں کرنے دیں گے.
بھارت اگر سمجھتا ہے کہ ہمارے دریائوں کا پانی روک کر پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچا سکتا ہے تو یہ اس کی بھول ہے، پاکستان کے حصے کا پانی بند نہیں کرنے دیں گے اور نہ پانی سے کھیل کھیلنے دیں گے۔یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور کا منطقی انجام اب بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کی شکست سے ہوگا، وہ صرف اپنی شکست چھپانے کے لئے نت نئی تاویلیں بیان کر رہے ہیں.
مودی نے جو نفرت کی سیاست ملک اور خطے میں شروع کی تھی اب منطقی انجام کی طرف بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے نیا بجٹ پیش کیا جائے گا، حکومت کی کوشش ہو گی مالیت ڈسپلن کو برقرار رکھا جائے، یکم اپریل 2022 کو پچھلی حکومت ملک کی معیشت کو دیوالیہ کرکے گئی تھی، بینکوں کا پالیسی ریٹ 23 فیصد سے 11 فیصد پر آچکا ہے، مزید کمی کا امکان ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کا رجحان بڑھ رہا ہے.
ضرورت یہ ہے ہم استحکام کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کی معیشت کو پائیدار راستے کی ترقی پر ڈالیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے اس بجٹ میں تجاویز دی ہیں کہ عوام پر ٹیکس کا بوجھ کم ڈالا جائے، ملک کے اندر ٹیکس چوری پر قابو پایا جائے ،معاشی شعبے میں کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں اس لیے شہریوں کو چاہیے اپنی آمدن سے ٹیکس ادا کرے۔