ننکانہ صاحب(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے کہاہے کہ بھارت کشمیریوں کو ان ہی کے علاقے میں اقلیت بنانا چاہتا ہے ، لاکھوں کشمیریوں کو اپنے ہی گھروں میں قیدی بنا دیا گیا ہے،آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے تمام کشمیریوں کو باور کروانا چاہتا ہوں کہ آپ تنہا نہیں ہیں۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغا م میں وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ میں سلام پیش کرتا ہوں تمام کشمیریوں کو انہوں نے مظالم کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے اور آج کئی سال گزرنے کے بعد بھی اپنے حق کیلئے آواز اٹھا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑیہیں، ہمیں آپ کی تکالیف کا احساس ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو عالمی سطح پر حصول انصاف تک اجاگر کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ آج دنیا کے سامنے ہندوستان کا اصلی اور گھناو نا چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 5 اگست 2019 اور اس کے بعد ہونے والے اقدامات بھارت کی آر ایس ایس اور فاشسٹ ایجنڈے کی عکاسی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ آر ایس ایس سے لے کر واجپائی اور پھر گجرات مظالم سے مودی کے تمام اقدامات ایک مہم کے تحت کئے گئے اور بھارت کا سیکیولر ڈرامہ بھی بے نقاب پو چکا ہے۔حکومتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان بطور سفیر کشمیریوں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں جس طرح کشمیریوں کے لئے آواز اٹھائی اس کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر ہم آخری دم تک اپنے کشمیری بھائیوں کی آواز بنیں گے ،پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے ،انشاء اللہ ہم کامیابی سے ہمکنار ہوں گے اور کشمیری آزادی کی فضاء میں سانس لے سکیں گے۔
وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے واضح الفاظ میں کہا کہ مودی کو آج پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اگر آپ کے جبر و ظلم سے کشمیریوں کے حوصلے پست ہو گئے ہوتے تو آج بھارت کو کرفیو کا سہارا نہ لینا پڑتا اور یہ کہ وہ اپنے ناپاک عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہوں گے۔