ایودھیا(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم نریندر مودی نے بابری مسجد کی جگہ مندر کا سنگ بنیاد رکھ کر اپنی جماعت بی جے پی کی مسلم دشمنی اور نفرت آمیز منشور کی تکمیل کردی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ایودھیا میں بابری مسجد کی جگہ راکھی رام مندر کی تعمیر کے لیے تقریب میں وزیراعظم نریندر مودی نے سنگ بنیاد رکھ دیا۔
اس سے قبل وزیراعظم مودی نے ہنومان گڑھی مندر میں بھومی پوجن کی رسومات بھی ادا کی تھی۔ 161 فٹ بلند رام مندر کی تعمیر میں دو سال اور 8 ماہ لگیں گے۔
خوف زدہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی انتظامیہ نے ایودھیا میں سخت سیکیورٹی نافذ کی اور جگہ جگہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات کیے گئے تھے جب کہ مندر کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں صرف 175 مہمانوں کو مدعو کیا گیا۔ ملک بھر میں خوف کی فضا قائم ہے اور مشتعل ہندو شاہراوں پر جتھوں کی صورت میں نعرے بازی کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس 9 نومبر کو بھارتی سپریم کورٹ نے بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کا حکم دیا تھا۔ مسجد کو 1992 میں بی جے پی کے مشتعل کارکنان نے منہدم کردیا تھا۔ اس وقت ایل کے ایڈوانی اور دیگر رہنماوں نے بابری مسجد کے انہدام کے لیے مہم چلائی تھی۔









