بلاول بھٹو زرداری 224

بھارت کا مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا اقدام متنازعہ ہے، بلاول بھٹو زرداری

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوم استحصالِ کشمیر پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا اقدام متنازعہ، یکطرفہ اور غیر قانونی ہے، یہ اقدام کشمیریوں کی تحریکِ آزادی کو دبانے کی ناکام کوشش ہے ، مودی حکومت کے اقدامات صرف مقبوضہ وادی اور اس کے پرامن عوام پر حملہ نہیں ہیں ملکہ یہ بین الاقوامی قوانین و عملداری اور اقوام متحدہ کی قراردادوں میں بیان کردہ عالمی برادری کی مشیت پر حملہ ہے۔

جمعرات کو اپنے بیان میں انہوں نے کہنا تھا کہ یہ اقدام بقائے باہمی کے اصولوں و فلسفے، جمہوری اقدار اور انسانیت پر بھی حملہ ہے ، قابض بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے محاصرے کو انسانی تاریخ میں ہمیشہ ایک سیاہ باب کے طور پر یاد رہے گا۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر صرف رائے شماری کے ذریعے ہی حل ہوگا جبکہ افغانستان میں بدلتے حالات کے پیشِ نظر تنازعہِ کشمیر کو حل کرنا ضروری ہے تاکہ یہ خطہ انار کے شعلوں کی لپیٹ میں آنے سے محفوظ رہے۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو بھی اب جاگ جانا چاہیے اور حالات کے مطابق اقدامات اٹھانے چاہیے ، پی پی پی نہ تو بھارتی بربریت پر خاموش رہے گی اور نہ ہی کشمیر کاز کے معاملے پر سلیکٹڈ وزیر اعظم کی مجرمانہ غفلت پر چپ رہے گی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وہ وعدہ جو شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کیا تھا اسے میں پورا کرنے کا عزم رکھتا ہوں ، کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق ہوگا اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی کے عوام منتظر ہیں کہ مسئلہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کی پوری قیادت متحد ہو لیکن جب سے سلیکٹڈ حکومت اقتدار میں آئی ہے ذاتی انا و مفادات نے حقیقی قومی مفاد پر فوقیت حاصل کرلی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کو یقین دہانی کراتا ہوں کہ پاکستانی عوام اور ان کے جمہوری و آئینی ادارے کشمیریوں کی جدوجہد کے ساتھ متحد کھڑے ہیں۔ بلاول بھٹو رزداری نے یہ بھی کہا کہ میں اس کشمیری عوام کی وکالت کرتا رہوں گا ، جو ہر روز بھارت کی قابض فوج کے ہاتھوں تشدد اور مظالم کا سامنا کرتی ہے اور میں اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھوں گا جب تک ایسے ہو نہیں جاتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں