جنوبی افریقا 4

بھارت کا جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان

نئی دہلی (رپورٹنگ آن لائن)بھارت نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔بی سی سی آئی نے جنوبی افریقا کے خلاف دو میچوں کی ہوم ٹیسٹ سیریز کیلئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے جو 14 نومبر کو کولکتہ میں شروع ہوگی۔

نائب کپتان رشبھ پنت کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جو جولائی میں انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز کے دوران پاؤں میں انجری کی وجہ سے باہر ہوگئے تھے۔انجری کی وجہ سے پنت گزشتہ ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دو میچوں کی ہوم ٹیسٹ سیریز سے محروم رہے تھے۔فاسٹ بولر آکاش دیپ نے بھی کمر کی چوٹ سے صحت یاب ہونے کے بعد ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی کی ہے، 28 سالہ نوجوان نے حال ہی میں رنجی ٹرافی کے پہلے دو راؤنڈ میں بنگال کی نمائندگی کی تھی۔

بھارت کے کپتان شبھمن گل، بمراہ، نتیش کمار ریڈی، اکشر پٹیل اور واشنگٹن سندر آسٹریلیا میں ٹی 20 سیریز کھیلنے میں مصرف ہیں وہ 8 نومبر کے بعد ٹیسٹ اسکواڈ کو جوائن کریں گے،شبھمن گل کپتان ہیں دیگر کھلاڑیوں میں رشبھ پنت، یشسوی جیسوال، کے ایل راہول، سائی سدرشن، دیودت پدیکال، دھرو جوریل، رویندرا جڈیجا، واشنگٹن سندر، جسپریت بمراہ، اکشر پٹیل، نتیش کمار ریڈی، محمد سراج، کلدیپ یادیو اور آکاش دیپ شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں