نئی دہلی (ر پورٹنگ آن لائن)بھارت نے غیر ملکی سیاحوں کے لیے دروازے کھول دیے ، رواں ماہ سے کمرشیل فلائٹس کو بھی اجازت مل جائے گی۔ سیاحت کی صنعت کو گوکہ اس سے بہت فائدہ ہونے کی توقع ہے لیکن ماہرین صحت وبا میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کر رہے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق بھارتی وزارت داخلہ نے اعلان کیا کہ سب سے پہلے ان سیاحوں کو ویزا جاری کیے جائیں گے جو چارٹرڈ فلائٹس سے بھارت آرہے ہیں۔ اس کے بعد کمرشیل فلائٹس سے آنے والوں کو اجازت دی جائے گی اور انہیں ویزا جاری کرنے کا عمل نومبر سے شروع ہوجائے گا۔
وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چارٹرڈ طیاروں کو چھوڑ کر دیگر طیاروں کے ذریعہ بھارت میں داخل ہونے والے غیر ملکی سیاح، نئے ٹورسٹ ویزا پر 15 نومبر سے بھارت میں داخل ہوسکیں گے۔اس سے قبل تک صرف مخصوص کارگو طیاروں اور باہمی ایئر ببل معاہدے کے تحت آپریٹ کرنے والی کمرشیل پروازوں کو ہی بھارت میں آنے کی اجازت تھی۔تاہم بھارت میں طبی خدمات پر نگاہ رکھنے والے حکومتی ادارے انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر)نے متنبہ کیا کہ اگر تحفظ اور صفائی ستھرائی کے پروٹوکول پر سختی سے عمل نہیں کیا گیا تو انفیکشن میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔