اسلام آباد (ر پورٹنگ آن لائن)وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر طاقت کااستعمال گذشتہ 7دہائیوں سے کررہاہے،طاقت کے استعمال سے مسئلہ حل نہیں ہو گا ،مقبوضہ کشمیر کے لوگوں نے بھارت کے یکطرفہ فیصلوں کوقبول نہیں کیا ،ہم کشمیر کا مسئلہ ہرفورم پراٹھاتے رہیں گے،وزیراعظم عمران خان 25 تاریخ کو جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اپنے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر پربات کریں گے۔
اپنے بیان میں وزیر خارجہ نے کہاکہ کشمیر میں بھارتی حکمت عملی مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے،حکمت عملی ناکام ہونے کی آوازیں ہندوستان کے اندر سے اٹھ رہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بھارت نے یکطرفہ قوانین اوربندشوں کے ذریعے کشمیریوں کی آوازکو دباناچاہا ہے ،5اگست 2019 کے بعد کشمیریوں پر جو مظالم ڈھائے گئے اس کی مثال نہیں ملتی ۔
وزیر خارجہ نے کہاکہ بھارت وقتی طور پر آواز دبانے میں کامیاب تو ہو سکتا ہے مگر ان مظالم سے ،مسئلہ حل نہیں ہو گا،بھارتی اقدامات کی وجہ سے آج کشمیریوں میں اشتعال پایا جاتا ہے،آج مقبوضہ کشمیر میں آزاد کشمیر کا پرچم لہرایا جا رہا ہے ،آج مقبوضہ کشمیر میں شہیدوں کو پاکستان کے پرچم میں لپیٹ کر دفن کیاجارہاہے،کشمیر میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگتے ہیں،
یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں نے بھارت کے یکطرفہ فیصلوں کوقبول نہیں کیا ،ہم کشمیر کا مسئلہ ہرفورم پراٹھاتے رہیں گے،آج عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیرکو زیر بحث لایا جا رہا ہے ۔وزیر خارجہ نے کہاکہ ایس سی او اجلاس کی سائیڈلائن پر میری دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں ہوئیں ،
ان دو طرفہ ملاقاتوں میں بھی مسئلہ کشمیر زیربحث آیا ،وزیراعظم عمران خان 25 تاریخ کو جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اپنے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر پربات کریں گے ۔وزیر خارجہ نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ نے کیسے نظر انداز کیا اس پربات ہو گی اقوام متحدہ نے جہاں بہت سی کامیابیاں سمیٹی ہیں وہاں فلسطین اور کشمیرکے مسئلے کو حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہاکہ میں نے یورپین یونین کی سفیر سے اپنی ملاقات کے دوران بھی یہی کہا کہ یورپی یونین تو انسانی حقوق کی علمبردار ہے ان کو کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر آواز اٹھانی چاہیے ،کشمیرمیں انسانی حقوق کو بیدردی سے پامال کیا جا رہا ہے۔