اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت میں تعصب کو ہوا دی جا رہی ہے جس کے سنگین نتائج برآمد ہونگے۔صدر مملکت عارف علوی نے قومی یکجہتی اور ثقافتی ہم آہنگی کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دو قومی نظریہ کے لئے بڑی جدوجہد کی گئی،انسانی زندگی میں ارتقا کا عمل جاری رہتاہے۔ صدرمملکت نے کہاکہ تمام مذاہب انسانیت سے محبت کا درس دیتے ہیں، پاکستان پانچ دریاؤں کی سرزمین ہے جہاں پر کئی تہذیبیں آبادرہیں۔
انہوںنے کہاکہ بھارت میں مسلمان حکمرانوں کی تاریخ کو مسخ کیا جا رہا ہے، بھارت میں تعصب کو ہوا دی جا رہی ہے جس کے سنگین نتائج برآمد ہونگے، انسانی ذہن ارتقائی کیفیت میں چلتا رہتا ہے، یکجہتی تبھی ممکن ہے جب ہر ثقافت کا احترام کیا جائے۔صدرمملکت نے کہاکہ قومی یکجہتی کے لئے ضروری ہے کہ تحمل اور برداشت کو فروغ دیا جائے،فیک نیوز بھی ایک بڑا مسئلہ ہے جس سے قومیں تباہ ہوئیں۔ صدر مملکت نے کہاکہ خبروں کی یلغار کے باعث اصل اور جھوٹ میں تمیز کرنا مشکل ہو رہا ہے،اپنی زندگی میں اصول طے کرکے جھوٹ اور سچ میں تمیز پیدا کرسکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ علم کی تلاش جاری رکھیں ،غیبت سے بچیں۔