لاہور (رپورٹنگ آن لائن) گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے بھارت کو خطے میں دہشت گردوں کا سہولت کار قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت سے پاکستان میں امن واستحکام بر داشت نہیں ہورہا ،پاکستان کے پاس دنیا کی بہتر ین افواج موجود ہے جو بھارت سمیت پاکستان کے ہر دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔
اتوار کے روز گور نر ہائوس میں تحریک انصاف کے آزاد کشمیر سمیت مختلف اضلاع سے آنیوالے وفود سے گفتگو کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی دہشت گرد افواج کے مظالم کی وجہ سے 95ہزار 843سے زائد کشمیری شہید ’22ہزار 930خواتین بیوہ اور1لاکھ سے زائد بچے یتیم ہو چکے ہیںمگر بدقسمتی سے اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی ادارے بھارتی افواج کی اس بدتر ین دہشتگردی پرخاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں دنیا کو اب مزید تماشائی کا کردار ادا کر نے کی بجائے کشمیر میں بھارتی مظالم کا سخت نوٹس لینا ہوگا ورنہ تاریخ انسانیت کسی کو معاف نہیں کریگی ۔
گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان کا پہلے دن سے یہ موقف ہے کہ خطے میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار داوں کے مطابق حل کر نا ہوگا اور جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا ا س وقت خطے میں امن کا قیام بھی ممکن نہیں ہوسکتاوزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کے سفیر بن کر دنیا بھر میں کشمیر یوں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں اور 22کروڑ پاکستانی اپنے کشمیری بہن بھائیوں کیساتھ ہیں اور کشمیر کی آزادی کے لیے پاکستان کسی بھی قر بانی سے دریغ نہیں کر یگا ۔
گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ بھارت پاکستان میں امن کا سب سے بڑا دشمن ہے اور پاک چین دوستی کا عظیم منصوبہ سی پیک بھی بھارت کو برداشت نہیں ہورہا اس لیے وہ اس منصوبے کے خلاف بھی سازشیں کر نے سے باز نہیں آتا مگر انشاء اللہ جیسے پاکستان نے پہلے بھارت کے تمام عزائم کو ناکام بنایا ہے اب بھی بھارت کو ناکامی کے سواکچھ نہیں ملے گا اورنہ صرف پاک چین دوستی قائم رہے گی بلکہ سی پیک کے تمام منصوبے بھی کامیابی کیساتھ مکمل ہوں گے ۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ الحمد للہ پاکستان کے پاس دنیا کی بہتر ین افواج موجود ہے جو پاکستان کے دشمنوںکو ہمیشہ ناکام بناتی ہے اور انشاء اللہ آئندہ بھی پاکستان کے دشمن ناکام اور پاکستان کامیاب ہوگا ۔









