شیری رحمان

بھارت بدامنی کیلئے افغان سرزمین استعمال کررہا :پیپلز پارٹی

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ بھارت خطے میں بدامنی پھیلانے کے لیے افغان سرزمین کو استعمال کر رہا ہے ، بھارتی پشت پناہی سے خارجیوں کی فائرنگ کا عالمی برادری کو بھی نوٹس لینا چاہیے ۔

اپنے بیان میں شیری رحمن نے افغانستان کی جانب سے پاک افغان بارڈر پر بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاک سر زمین کے خلاف کسی طرز کی جارحیت برداشت نہیں کی جائے گی، پاکستان اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے ، میں اپنی سکیورٹی فورسز کو دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے پاک فوج کی حکمت عملی قابل ستائش ہے ، پاک فوج نے افغان چیک پوسٹس تباہ کر کے خارجی دہشتگردوں کو بھاری نقصان پہنچایا، پاکستان کی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی.

پیپلز پارٹی کے نیئر بخاری سینٹر سلیم مانڈو ی والا اور ندیم افضل چن نے پاک افغان سرحد کی حالیہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی افواجِ پاکستان کے جوانوں کے جذبۂ حب الوطنی، جرات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتی ہے ، پاکستان کی مسلح افواج نے عزم، تحمل اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ افغان فورسز کے حملے کا منہ توڑ جواب دیا ، پاکستان ایک پُرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے ۔