اسلام آباد (ر پورٹنگ آن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت اپنے جارحانہ عزائم کے سبب پورے خطے کے امن و امان کو داؤ پر لگا رہا ہے،نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کیلئے عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا، وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں کشمیر کی صورتحال دنیا بھر کے سامنے رکھیں گے اور عالمی برادری کی توجہ بھارتی مظالم کی طرف مبذول کروائیں گے ،پاکستان، مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اٹھاتا رہے گا .
جب تک کشمیریوں کو اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں ان کا جائز حق، حق خود ارادیت انہیں مل نہیں جاتا ۔ خصوصی کمیٹی برائے کشمیر کا چھٹا اجلاس وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیرِ صدارت، وزارتِ خارجہ میں منعقد ہواجس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی اشتعال انگیزی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف، پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون بیرسٹر ملیکہ بخاری ، سیکرٹری قانون راجہ نعیم اکبر ، سمیت سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔وزیر خارجہ نے کہاکہ بین الاقوامی قوانین کو پس پشت ڈالتے ہوئے بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل پایمالیوں اور لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ انتہائی تشویشناک ہے ۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہم بی جے پی حکومت کی ہندوتوا پالیسیوں اور بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم سے پوری دنیا کو باخبر رکھے ہوئے ہیں ۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ بھارت اپنے جارحانہ عزائم کے سبب پورے خطے کے امن و امان کو داؤ پر لگا رہا ہے ، وزیر خارجہ نے کہاکہ بھارت کے انسانی حقوق کی پامالیوں سے متعلقہ جرائم کی فہرست بہت طویل ہوتی جارہی ہے ،نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کیلئے عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا ۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے (75th) اجلاس کے موقع پر اپنے خطاب میں کشمیر کی صورتحال دنیا بھر کے سامنے رکھیں گے اور عالمی برادری کی توجہ بھارتی مظالم کی طرف مبذول کروائیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان، مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اٹھاتا رہے گا جب تک کشمیریوں کو اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں ان کا جائز حق، حق خود ارادیت انہیں مل نہیں جاتا ۔