گورنر پنجاب

بھارت افغان امن عمل کیخلاف سازشیں کر نے سے باز نہیں آرہا’ چوہدری سرور

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ بھارت افغان امن عمل کیخلاف سازشیں کر نے سے باز نہیں آرہا،پاکستان آج بھی امن کے ساتھ ہے مگر بھارت خطے میں دہشتگردوں اور امن دشمنوں کا سہولت کاربن چکا ہے، دنیا میں امن کیلئے کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ کل نہیں آج ہی حل کر نا ہوگا۔

گورنر ہائوس میں میڈیا اور پارٹی سمیت مختلف اضلاع سے آنے والے تحر یک انصاف کے وفود سے گفتگو میں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کشمیر میں2خواتین سمیت مزید کشمیر یوں کے بھارتی افواج کے ہاتھوں قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں بدتر ین بھارتی لاک ڈائون کو 727دن ہوچکے ہیں جس کے دوران سینکڑوں کشمیری جیلوں میں قید ہیں اور بے گناہ کشمیر یوں کو شہید بھی کیا جارہا ہے بھارت امن کا سب سے بڑا دشمن بن چکا ہے دنیا کو بھارتی مظالم پر خاموشی نہیں بلکہ اس کا سخت نوٹس لینا چاہیے ۔

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان میں امن واستحکام بھی بھارت سے برداشت نہیں ہورہا ہے اور اس بات میں بھی کوئی شک نہیں کہ بھارت افغان امن عمل کیخلاف بھی سازشوں سے باز نہیں آرہا دنیا کو چاہیے وہ بھارت کی امن کیخلاف جاری سازشوں اور کشمیر یوں پر کیے جانیوالے مظالم کا سخت نوٹس لیں ورنہ خطے میں امن ایک خواب ہی رہے گا ۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اسرائیلی اور بھارتی افواج فلسطین اور کشمیرمیں دہشتگردی کر رہی ہیں دنیا میں امن کیلئے کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ کل نہیں آج ہی حل کر نا ہوگا اسرائیلی دہشت گردی اس حدتک بڑھ چکی ہے کہ فلسطین میں معصوم 12سالہ فلسطینی نوجوان کے نماز جنازہ کے موقعہ پر بھی اسرائیلی افواج نے حملہ کر دیا وزیر اعظم عمران خان ہی کشمیر یوں کیساتھ ساتھ فلسطینیوں کے بھی سفیر ہیں انکی قیادت میں پاکستان پوری دنیا میں کشمیر ی اور فلسطین عوام کی آزادی کا مقدمہ لڑ رہا ہے ۔

پارٹی وفود سے گفتگو میں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان امن کے ساتھ ہے اور ملکی دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا پاکستان نے خطے میں امن کیلئے سب سے زیادہ قر بانیں دیں ہیں ہم پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں عوام کی ترقی اور فلاح وبہبود میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام ملک کو عدم استحکام کاشکار کر نیوالوں کیساتھ نہیں حکومتی بیانہ کیساتھ کھڑے ہیںوزیر اعظم عمران خان آئین وقانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں پیچھے نہیں ہٹیں گے پہلی بار ملک میں اداروں میں اصلاحات کے لیے موجودہ حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے