صبا حمید

بھارتی ڈرامے میں مصنوعی پن نظر آتا ہے ‘ صبا حمید

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)سینئر اداکارہ صبا حمید نے کہا ہے کہ بے پناہ وسائل کا استعمال کرنے کے باوجود بھارتی ٹی وی ڈرامے کا پاکستانی ٹی وی ڈرامہ سے کوئی مقابلہ نہیں ،

ہمارے اداکار بھی بہت اچھا معاوضہ لے رہے ہیں اور بہترین ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا جارہا ہے ،پراجیکٹ کی بنیاد اسکرپٹ ہوتا ہے جس میں پاکستانی ٹی وی ڈرامے کو سبقت حاصل ہے ۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ شروع سے ہی پاکستانی ٹی وی ڈرامہ بھارت کے مقابلے میں بہترین رہا ہے ۔

کسی زمانے میں صرف پی ٹی وی کا راج تھا اور ا س کو دیکھ کر بھارتی ڈرامہ پروڈیوسروںنے ڈرامے بنانے کا سلسلہ شروع کیا لیکن وہ اس میں پاکستانی ڈرامے کو مات نہیں دے سکا ۔ انہوں نے کہا کہ آپ بھارت کے ڈرامے دیکھیں تو اس میں آپ کو مصنوعی پن نظر آئے گا جبکہ ہمارے ڈرامے موضوع کے اعتبار سے حقیقت کے قریب تر ہوتے ہیں البتہ اب ہمیں اسکرپٹ پر تھوڑی زیادہ توجہ دینا ہو گی ۔