نئی دہلی (رپورٹنگ آن لائن)بھارت کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
آئی سی سی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب روہت شرما نے گزشتہ ہفتے کھیل کے طویل ترین فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا حیران کن اعلان کیا تھا۔ویرات کوہلی نے سماجی پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی بار بیگی بلیو پہنتے ہوئے 14 سال ہوچکے ہیں۔
سچ میں، میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ یہ فارمیٹ مجھے کس سفر پر لے جائے گا، اس نے مجھے آزمایا، مجھے نکھارا اور مجھے وہ سبق سکھایا جو میں زندگی بھر یاد رکھوں گا۔انہوں نے لکھا کہ سفید لباس میں کھیلنا کچھ خاص ہوتا ہے۔ خاموش محنت، طویل دن، وہ چھوٹے لمحے جو کوئی نہیں دیکھتا، مگر جو ہمیشہ ساتھ رہتے ہیں۔
انہوںنے کہاکہ اب جب میں اس فارمیٹ سے رخصت ہو رہا ہوں، تو یہ آسان نہیں مگر یہ ریٹائرمنٹ کا بہترین وقت لگتا ہے، میں نے جو کچھ بھی تھا، دیا ہے، اور اس نے مجھے اتنا کچھ واپس دیا ہے جتنا میں نے کبھی امید نہیں کی تھی۔ویرات کوہلی نے لکھا کہ میں کھیل کے لیے،
ان لوگوں کے لیے جن کے ساتھ میں نے میدان میں وقت گزارااور ہر اْس شخص کے لیے جس نے اس سفر میں میرا ساتھ دیا، دل میں شکر گزاری کے جذبات کے ساتھ اس فارمیٹ سے رخصت ہو رہا ہوں۔انہوںنے کہاکہ میں ہمیشہ اپنی ٹیسٹ کرکٹ کیریئر کو مسکراہٹ کے ساتھ یاد کروں گا۔