اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت کی شدید مزمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد سرچ آپریشنز میں کشمیریوں کو شہید کرنے کا سلسلہ بےدریغ جاری ہے۔
علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ بھارتی افواج کشمیری نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کر رہی ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کررہا ہے، بھارت اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو نہیں دبا سکتا۔ انہوںنے مزید کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے تمام فورمز پر کشمیریوں کے حقوق کی آواز بھرپور انداز میں بلند کرتا رہے گا، حق خودارادیت کے حصول تک پاکستان کشمیریوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔