صباحت بخاری

بگ باس میں شرکت کی پیشکش ہوئی ،منع کردیاتھا،صباحت بخاری کاانکشاف

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)اداکارہ صباحت بخاری نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں مقبول بھارتی ٹی وی شو بگ باس جس کی میزبانی سلمان خان کرتے ہیں، میں شرکت کی پیشکش ہوئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق حال ہی میں اداکارہ نے نجی چینل کے ایک پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی۔ میزبان نے سوال کیا کہ کیا آپ کو کبھی بھارت سے کوئی پیشکش ہوئی؟سوال کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ نے کہاکہ آج کل پاکستانی ڈراموں کو بھارت میں بہت پسند کیا جاتا ہے اور وہاں سے پیغامات موصول ہوتے رہتے ہیں، جس میں مداحوں کی جانب سے اکثر بھارت آنے کی پیشکش کی جاتی ہے تاہم ماضی میں مجھے وہاں سے باقاعدہ کام کی پیشکش ہوئیں لیکن مجھے احساس ہوا کہ یہ صحیح نہیں ہے۔

صباحت بخاری نے بھارت میں کام کرنے کے حوالے سے حقیقت پسندانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ کام کی پیشکش تو ہوئی لیکن جب حقیقت سے واقف ہوں تو پھر ایسی جگہ جا کر کام کرنے کا کیا فائدہ جہاں آخر میں بے عزتی ہی مقدر بنے، اسی لیے میں نے کبھی ان پیشکشوں کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔میزبان نے سوال کیا کہ اب تک کس کس کی پیشکش کو انکار کیا؟ جس پر انہوں نے کہا کہ ایسی بڑی پیشکش آج تک نہیں ہوئی اب حال ہی میں کہا گیا کہ بطور اداکارہ بھارت آئیں.

تاہم ماضی میں بعض شوز کی آفر ہوئیں۔اداکارہ کے جواب پر میزبان نے سوال کیا کہ کیا آپ کو بگ باس کی آفر ہوئی تھی؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ یہ میرے لیے ممکن نہیں تھا جس پر میزبان نے سوال کیا کہ کیا آپ بگ باس میں 3مہینے وہاں رہ لیتیں؟ جس پر انہوں نے کہا کہ اگر آپ عزت کے ساتھ بلا رہے ہیں اور عزت کے ساتھ رکھ رہے ہیں تو کیوں نہیں رہ سکتی، لیکن ماضی کی مثالوں کو دیکھتے ہوئے میں نے عزت سے منع کردیا۔