لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان سوسائٹی آف گیسٹرو انٹرالوجی و اینڈو سکوپی کے نائب صدر ڈاکٹر اسرارالحق طور نے کہا ہے کہ بڑی آنت کی سوزش و سرطان میں اضافے کی بڑی وجوہات میں غیر معیاری و ملاوٹ شدہ اشیائے خوردونوش، موٹاپا، مرغن غذائیں، تمباکو نوشی، الکوحل اور ورزش سے دوری ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان میں سالانہ نئے سرطان کے کیسز میں بڑی آنت کا سرطان تقریباً5فیصد ہے جو لمحہ فکریہ اور باعث تشویش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مرض کی ابتداء پیٹ کی در د سے ہوتی ہے اور آہستہ آہستہ یہ بیماری بڑھ کر آنتوں کی سوزش اور آخرمیں کینسر کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔
ایسو سی ایٹ پروفیسر آف میڈیسن لاہور جنرل ہسپتال ڈاکٹر اسرار الحق طور نے میڈیکل سٹوڈنٹس کو لیکچر دیتے ہوئے بتایا کہ ہر 20میں سے ایک فرد کو بڑی آنت کے کینسر کا خدشہ لاحق ہے جبکہ پوری دنیا میں عورتوں کے مقابلے میں بڑی آنت کی سوزش اور سرطان کی بیماری مردوں میں زیادہ تعداد میں پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا خون کا اخراج، پاخانے کی رنگت بدل جانا، پیٹ میں شدید مروڑ، نظام ہاضمہ کی خرابی، بغیر کسی وجہ کے اچانک وزن کم ہونا، بھوک کا نہ لگنا، متلی ہونا، دائمی تھکاوٹ اور خون کی کمی بڑی آنت کے کینسر کی اہم علامات میں شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑی آنت کے سرطان سے بچاؤ کیلئے سادہ غذا کا استعمال، سرخ گوشت کم سے کم لیا جائے اور چٹ پٹے کھانے اعتدال سے کھائیں تاکہ اس مرض سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکے۔
ڈاکٹر اسرار الحق طور نے کہا کہ 50سال سے زائد عمر کے افراد کو کولونو سکوپی، سگمائڈو سکوپی کروانا چاہئے کیونکہ کیمرے کے ذریعے ہونے والے اس ٹیسٹ سے بڑی آنت کے کینسر کی تشخیص ممکن ہے، نیز پاخانے میں پوشیدہ خون رسنے کا ٹیسٹ Stool for accult bloodترجیحی بنیادوں پر کروائیں کیونکہ اگر آنتوں میں کسی قسم کی انفیکشن کی تشخیص ہو تو اس کا بروقت علاج کرواکر مرض کی سنگینی سے بچا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر اسرار الحق طور نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ آگاہی مہمات کا آغاز کرے تاکہ ہر سطح تک یہ معلومات عام ہو سکیں کیونکہ بروقت تشخیص سے سرطان پا قابو پانے میں مدد ملتی ہے اور سالانہ اموات کی شرح میں بھی کمی لائی جا سکتی ہے۔
ڈاکٹر اسرار الحق طور کا مزید کہنا تھا کہ لاہور جنرل ہسپتال میڈیکل یونٹ ون میں تشخیص، سکریننگ و علاج کیلئے جدید سہولیات دستیاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں روزمرہ زندگی میں تازہ پھل، سبزیاں زیادہ استعمال کرنا چاہئیں،مرض سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں اور ہم 30منٹ کی ورزش اور صحت مند غذا کے استعمال سے بڑی آنت کے کینسر سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔