بلاول بھٹو

بوکھلاہٹ کا شکار مودی سرکاری نے بلاول بھٹو کا ایکس اکاؤنٹ بند کردیا

اسلام آباد /کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار مودی حکومت نے بھارت میں بلاول بھٹو زرداری کا ایکس اکاؤنٹ بلاک کردیا۔

میڈیارپورٹ کے مطابق مودی حکومت نے بھارت میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو ایکس اکاونٹ بھی بلاک کردیا ہے۔پاکستان پیپلزپارٹی کی سینیئر رہنما سینیٹر شیری رحمٰن نے بلاول بھٹو کے ایکس اکاؤنٹ کی بندش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کا الزام تو پاکستان پر دھر دیا، مگر سچائی سامنے آنے پر مودی سرکار اب سخت گھبراہٹ کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارتی اقدامات پاکستانی موقف کو تقویت دے رہیہیں، مودی سرکار سن لو، آوازیں دبانے سے سچ چھپتا نہیں۔

شیری رحمن نے کہا کہ بلاول پاکستان کے عوام کی آواز ہیں، ان کا اکاؤنٹ بلاک کرنا بھارت کے جھوٹ کو بے نقاب کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے پاس فیس سیونگ کا کوئی راستہ نہیں بچا،بھارت کو شواہد پیش کرنے چاہیئں نہ کہ سنسرشپ کا راستہ اپنائے۔شیری رحمٰن نے کہا کہ تنقیدی آوازوں کو دبانے کی کوششیں نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر تشویش کو بڑھا رہی ہیں۔بلاول ہاوَس کے ترجمان سریندر ولاسائی نے بھارت کی جانب سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ایکس اکاوَنٹ کو بلاک کرنے پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہاہک ثابت ہوا کہ بلاول بھٹو زرداری سے مودی ڈرتا ہے، ثابت ہوا کہ بھارت غیرجمہوری ملک اور مودی انتہائی بزدل شخص ہے۔

انہوںنے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری کے پہلگام معاملے پر بیانیے نے مودی کا ہاضمہ خراب کردیا۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کا بلاول بھٹو زرداری کا ایکس اکاوَنٹ معطل کرنا شتر مرغ کا ریت میں سر دبانے کے مترادف ہے ۔ ترجمان بلاول ہائوس نے کہاکہ یہ بلاول بھٹو زرداری ہی تھے جنہوں نے گجرات کے قصائی کو پہلی بار دنیا کے سامنے بے نقاب کیا، بلاول بھٹو زرداری، جنگی جنون میں مبتلا مودی کو آئینہ دکھاتے رہیں گے۔بلاول بھٹو کے ایکس اکاؤنٹ کی بندش پر مرکزی سیکرٹری پیپلز پارٹی ندیم افضل چن نے کہاکہ بلاول بھٹو نہ صرف پاکستان کی نوجوان نسل کی آواز ہیں بلکہ وہ بین الاقوامی سطح پر امن و انصاف کے سفیر بھی ہیں، ان کی آواز کو دبانا بھارتی جمہوریت پر سوالیہ نشان ہے۔

انہوںنے کہاکہ پہلگام واقعے کا الزام پاکستان پر تھوپنا اور پھر سچ سامنے آنے پر اظہارِ رائے پر قدغن لگانا بھارت کی کمزوری اور بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے، بھارت نے بلاول کا اکاؤنٹ بند کر کے ثابت کر دیا کہ وہ تنقید سننے کا حوصلہ نہیں رکھتا۔ انہوںنے کہاکہ بھارت اگر واقعی خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہلاتا ہے تو اسے دلیل سے جواب دینا چاہیے نہ کہ سچائی کو سنسر کر کے چھپانے کی کوشش کرے۔مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے کہاکہ ہم بھارتی حکومت کی جانب سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ بھارت میں بلاک کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ یہ اقدام بھارتی حکومت کی بوکھلاہٹ اور سچ سے خوف کی علامت ہے۔ انہوںنے کہاکہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے ثبوت فراہم کرنے کے بجائے عالمی سطح پر سچ بولنے والی مضبوط آوازوں کو دبانے کی کوشش کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری نے مسلسل مطالبہ کیا ہے کہ مودی سرکار پہلگام واقعے پر ثبوت دے یا عالمی تحقیقات کی حمایت کرے۔ انہوںنے کہاکہ مودی سرکار سچ کو چھپانے اور اپنی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ مودی سرکار اپنی ناکامیوں کو چھپا رہی ہے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں حکومتی مظالم سے عوام کی توجہ ہٹا رہی ہے۔شازیہ مری نے کہاکہ ہم سب جانتے ہیں کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کو کس طرح پامال کیا جا رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری نے گجرات کے قصائی مودی کو عالمی میڈیا اور دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ مودی سرکار جتنا مرضی سچ کو دبانے کی کوشش کرے، سچ اپنی راہ خود بنائے گا اور دنیا کی نظر میں بھارت سرکار کی اصل تصویر واضح ہو چکی ہے۔ شازیہ مری نے کہاکہ مودی پہلگام میں معصوم انسانوں کے قاتل بھی خود ہو اور مقتول بننے کی تمہاری کوشش بھی ناکام ہوگی۔ شازیہ مری نے کہاکہ بھارت کے عوام بھی حکومت کی سیکیورٹی ناکامیوں پر سوالات اٹھا رہے ہیں جن کے جواب مودی سرکار دینے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ شازیہ مری نے کہاکہ عالمی برادری بھارت کی ریاستی دہشت گردی، مسلمانوں، مسیحی اور دیگر برادریوں پر مظالم کا نوٹس لے اور گجرات کے قصائی کا عالمی سطح پر بائیکاٹ کرے۔ شازیہ مری نے کہاکہ مودی سرکار، سچ اور حق کی آوازیں تمہارا پیچھا کرتی رہیں گی، پاکستان کی عوام اور تمام قومی قوتیں بھارت کے ناپاک عزائم کے خلاف متحد ہیں سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز سید نیئر حسین بخاری نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری کے آئینہ دکھانے پر مودی گھبرائٹ کا شکار ہو گیا ہے ، پہلگام واقعے کو پاکستان سے جوڑنے کی مودی سازش کی بھارت کے اندر سے بھی شدید مذمت ہو رہی ہے۔

انہوںنے کہاکہ بلاول بھٹو کا اکائونٹ بلاک کرنے کی بزدلانہ حرکت سے بلاول بھٹو زرداری کے سچائی بیانیہ کو مزید تقویت ملتی ہے ۔ نیئر بخاری نے کہاکہ بھارت نے بلاول بھٹو زرداری کا اکاؤنٹ بند کر کے ثابت کر دیا کہ مودی سرکار میں سچائی سننے کا حوصلہ نہیں ،بھارت کے نام نہاد دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا پول کھل گیا ہے،بلاول بھٹو نے بحیثیت وزیر خارجہ اقوام عالم کو بھارت کا اصل چہرہ دکھایا تھا۔