لاہور ( رپورٹنگ آن لائن)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز میں پہلی بین الاقوامی پیڈریاٹرک بون میرو اینڈ سٹیم سیلز ٹرانسپلانٹ کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
وائس چانسلر پروفیسر مسعود صادق، پروفیسر ساجد مقبول، پروفیسر طاہر مسعود، پروفیسر نثار احمد، میجر جنرل ریٹائرڈ پرویز احمد، پروفیسر مہوش فیضان، ایم ڈی پروفیسر ٹیپو سلطان، پروفیسر جویریہ منان، ڈاکٹر ناصر بخاری اور خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔کانفرنس میں پاکستان سوسائٹی آف پیڈریاٹرک آنکولوجی، پی ہوٹا و دیگر تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔وائس چانسلر نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کانفرنس کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ کانفرنس میں ڈاکٹرز، طبی ماہرین، قومی و بین الاقوامی مندوبین اور بچوں کے معالجین کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ آج کا دن پاکستان کی طبی تاریخ میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ پہلے 150 بون میرو ٹرانسپلانٹس مکمل ہونے پر انشاء اللہ جلد ایک شاندار تقریب منعقد کی جائے گی۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پہلی بین الاقوامی پیڈیاٹرک بون میرو ٹرانسپلانٹ کانفرنس میں شرکت پر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
بون میرو ٹرانسپلانٹ کے شعبہ میں جدید تحقیق، علاج اور تعاون کو فروغ دینا انتہائی خوش آئند ہے۔ بون میرو ٹرانسپلانٹ ایک پیچیدہ مگر زندگی بچانے والا طریقہ علاج ہے۔ وزیر صحت نے کہاکہ ہمیں پری وینشن پر کام کرنا ہو گا۔ ہمیں ایک صحت مند زندگی گزارنے کیلئے صحت مند لائف سٹائل اپنانا ہوگا۔ انہو ںنے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صحت کے شعبہ میں تاریخی اور انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہیں۔
شادی سے پہلے تھیلیسیمیاء کی تشخیص کیلئے ٹیسٹ کو لازمی قرار دینے کیلئے جلد قانون منظور کروا لیا جائے گا۔ سی پی ایس پی کی جانب سے بون میرو ٹرانسپلانٹ میں فیلو شپ کا انعقاد بھی کروایا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ اگلے چار سالہ روڈ میپ میں بلڈ ڈیزیزز کے تدارک کیلئے اقدامات شامل ہیں۔ آج کی کانفرنس تھیلیسیمیا، لیوکیمیا و دیگر خون کی بیماریوں میں مبتلا بچوں کیلئے امید کی کرن ثابت ہو گی۔ اس کانفرنس کا مقصد بین الاقوامی ماہرین کے تجربات سے سیکھنا، تحقیق میں جدید رجحانات کو سمجھنا اور پاکستان میں پیڈیاٹرک بون میرو ٹرانسپلانٹ کو مزید فروغ دینا ہے۔
چلڈرن ہسپتال لاہور کا جنوبی ایشیاء کے نمایاں طبی مراکز میں شامل ہونا قابل ذکر ہے۔یہاں جدید ترین بون میرو ٹرانسپلانٹ یونٹ قائم کیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب نے بچوں کے علاج و معالجے کو ہمیشہ اولین ترجیح دی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ چلڈرن ہسپتال لاہور کی انتظامیہ، ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملے کی انتھک محنت کو سراہتے ہیں۔
وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق نے کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملکی و غیر ملکی طبی ماہرین کی انتہائی اہم کانفرنس میں شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے ہمیشہ پروفیشنلز کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ کوشش ہے کہ چلڈرن ہسپتال لاہور میں بچوں کو جدید اور بہترین طبی سہولیات فراہم کریں۔