محمد رضوان

بولرز کی کارکردگی یقینی طور پر تشویشناک ہے، ہمیں فیلڈنگ اور ڈیتھ اوورز میں بولنگ کو بہتر کرنا ہوگا،گفتگو

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)قومی وائٹ بال ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے بابر اعظم ایک برانڈ بن چکے ہیں اور شاید وہ اسی چیز کا پریشر لیتے ہیں۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ 19 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ جیت کر پاکستانی ٹیم نہ صرف دنیا پر دھاک بٹھاسکتی ہے بلکہ اعتماد کے ساتھ ہوم گراؤنڈ پر میگا ایونٹ کی مہم شروع کرسکتی ہے۔ قومی ٹیم محمد رضوان نے کہا کہ ہمارے بولرز کی کارکردگی یقینی طور پر تشویشناک ہے، ہمیں فیلڈنگ اور ڈیتھ اوورز میں بولنگ کو بہتر کرنا ہوگا، تاہم جیت کیلئے پوری کوشش کرتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عدم تسلسل تو ہمارے کلچر کا حصہ ہے، ہم زمبابوے کے خلاف بھی ویسا کھیلتے ہیں جیسا آسٹریلیا سے کھیلتے ہیں۔ محمد رضوان نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف پانچ پانچ اوور کا پلان لے کر چلے جس میں کامیابی ملی، میری بھی قوم کی طرح ہمیشہ بابر سے توقع ہوتی ہے وہ بڑا اسکور کرے، بابر اعظم پر بھی اس بات کا پریشر ہوتا ہے، امید ہے وہ جلد بڑا اسکور کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ صائم ایوب ایک مکمل پیکج تھا جس کو ہم مس کر رہے ہیں۔ کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم نے کہا جنوبی افریقا کے خلاف ہم پریشر میں تھے، سوچ لیا تھا کہ ہدف 320 کے لگ بھگ ہوگا، میں نے ایک موقع پر میچ اسکرین پر دیکھنا چھوڑ دیا تھا، اللہ نے ہماری مدد کی اور جیت گئے۔