ٹرمپ

بوئنگ کمپنی سے 3 سال پہلے 2 نئے صدارتی طیارے مل جانے چاہیے تھے، ٹرمپ

واشنگٹن(رپورٹنگ آن لائن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی کو 3 سال پہلے 2 نئے خصوصی صدارتی ایئر فورس 1 طیارے فراہم کرنے تھے، جو اب تک نہیں دیے گئے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ معروف طیارہ ساز کمپنی سے نا خوش ہیں، بیان میں امریکی صدر نے طیارہ ساز ادارے بوئنگ پر اس حوالے سے دباو ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی اپنے دیے ہوئے شیڈول سے 3 سال پیچھے چل رہی ہے اور کمپنی کی انتظامیہ کو اس حوالے سے بہتر طریقہ کار اختیار کرنا ہو گا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے کافی مدت پہلے مطلوبہ رقم پر یہ معاہدہ طے کیا تھا، شاید طیاروں کے حصول کے لیے ہمیں کچھ اور کرنا چاہیے تھا تاکہ ہمیں طیارے تو مل جاتے۔امریکی صدر کی جانب سے سخت بیان کے بعد تاحال طیارہ ساز ادارے بوئنگ کمپنی کی جانب سے کوئی جوابی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔