ڈھاکہ (رپورٹنگ آن لائن)بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی فنانس کمیٹی کے چیئرمین ایم نظم الاسلام سابق کپتان تمیم اقبال کو بھارتی ایجنٹ کہنے پر تنقید کی زد میں آگئے۔
بی سی بی ڈائریکٹر کے یہ ریمارکس اس وقت سامنے آئے جب تمیم اقبال نے حالیہ انٹرویو میں تجویز کی کہ بورڈ کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلادیش کی شرکت کے بارے میں حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے کرکٹ کو زیادہ ترجیح دینی چاہیے۔ان کا یہ بیان سیکیورٹی خدشات کے باعث بورڈ کے ٹیم بھارت نہ بھیجنے کے اعلان کے بعد سامنے آیا۔
نظم الاسلام نے پوسٹ میں لکھا کہ اس بار بنگلادیش کے لوگوں نے اپنی آنکھوں سے ایک اور ثابت شدہ بھارتی ایجنٹ کا ظہور دیکھا ہے۔بنگلادیش کی کرکٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے بیان کی مذمت کرتے ہوئے ناقابل قبول قرار دیا اور بورڈ کے ڈائریکٹر سے عوامی معافی کا مطالبہ کیا ہے۔سی ڈبلیو اے بی نے کہا کہ بنگلادیش کی تاریخ کے سب سے کامیاب اوپنر جس نے 16 سال تک ملک کی خدمت کی اس کے بارے میں ایسا تبصرہ قابل مذمت ہے۔









