راولپنڈی/بنوں(رپورٹنگ آن لائن)سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے کینٹ میں بزدلانہ دہشت گرد حملہ ناکام بنا کر 16 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا جبکہ شدید جھڑپ کے دوران 5 بہادر فوجی مادر وطن پر قربان ہوگئے۔
آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق خوارجی عناصر نے بنوں کنٹونمنٹ پر دہشت گرد حملے کی کوشش کی، حملہ آوروں نے کنٹونمنٹ کی سکیورٹی توڑنے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے حملہ کرنے والے تمام 16 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، ہلاک دہشتگردوں میں4 خودکش حملہ آور بھی شامل تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شدید جھڑپ میں5 بہادر جوان دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہو گئے جبکہ خودکش دھماکوں سے چھاؤنی کی دیوار کا ایک حصہ گر گیا، دھماکوں اور فائرنگ سے قریب واقع ایک مسجد اور ایک رہائشی عمارت شدید متاثر ہوئیں.
مسجد اور عمارت کے متاثر ہونے سے 13بے گناہ شہری شہید اور32 زخمی ہو گئے۔آئی ایس پی آر نے کہاہے کہ خفیہ اطلاعات سے ثابت ہوا ہے کہ حملے میں افغان شہری ملوث تھے، شواہد ہیں حملے کی منصوبہ بندی اور قیادت افغانستان میں موجود خوارج سرغنوں نے کی۔آئی ایس پی آر نے کہاہے کہ پاکستان توقع کرتا ہے کہ افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں نبھائیگی.
توقع ہے افغان حکومت اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے گی، پاکستان سرحد پار سے آنے والے خطرات پر ضروری اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔آئی ایس پی آر نے بتایاہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں،ہمارے بہادر سپاہیوں اور معصوم شہریوں کی قربانیاں اس عزم کومزید تقویت دیتی ہیں، ہر قیمت پر اپنی قوم کی حفاظت کیلئے ہمارا عزم مضبوط ہے۔