آئی ایس پی آر 10

بنوں،فتنہ الخوارج کا فورسز کے قافلے پر حملہ، لیفٹیننٹ کرنل اور سپاہی شہید، 5دہشتگرد جہنم واصل

راولپنڈی(رپورٹنگ آن لائن )بنوں میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج نے بزدلانہ حملہ کیا جس میں لیفٹیننٹ کرنل اور ایک سپاہی شہید ہو گئے جبکہ آپریشن میں 5دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے گئے۔

آئی ایس پی آرکے مطابق سکیورٹی فورسز کے قافلے کو بنوں ضلع میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج نے اس وقت نشانہ بنایا جب خوارج کی موجودگی، جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا، کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا جا رہا تھا۔آئی ایس پی آر نے بتایاکہ سکیورٹی فورسز کے اگلے دستے نے گاڑی میں سوار خودکش بمبار کو بروقت روک لیا اور اس کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا، یہ دہشت گرد بنوں شہر میں معصوم شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو نشانہ بنانا چاہتا تھا، یوں ایک بڑے سانحے کو ٹال دیا گیا۔ترجمان پاک فوج نے بتایاکہ آپریشن کے دوران خوارج کا سراغ لگا کر شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سکیورٹی فورسز نے پانچ خوارج کو جہنم واصل کر دیا تاہم مایوسی کے عالم میں خوارج نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی اگلے دستے کی ایک گاڑی سے ٹکرا دی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی ٹکرانے سے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید ہو گئے، مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز ایک بہادر کمانڈنگ آفیسر تھے اور اپنی جرات مندانہ کارروائیوں کیلئے معروف تھے۔آئی ایس پی آرنے کہاہے کہ خوارج رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے افغان سرزمین استعمال کر کے پاکستان کے اندر دہشت گرد کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جو واضح طور پر ظاہر کرتا ہے کہ ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق افغان طالبان حکومت ایک بار پھر خوارج کو پاکستان کے اندر دہشت گردی کیلئے افغان سرزمین کے استعمال سے روکنے میں ناکام رہی ہے،

پاکستان کسی قسم کا ضبط و تحمل نہیں برتے گا اور اس گھناؤنے اور بزدلانہ فعل کے ذمہ داروں کے خلاف ان کی موجودگی سے قطع نظر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ خوارج کو قرار واقعی سزا دی جا سکے۔اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی تاکہ غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے چلنے والی دہشت گردی کے ناسور کا ملک سے مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں