کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے بلڈر جاوید اقبال و دیگر کی بازیابی سے متعلق درخواست پر آئی جی سندھ و دیگر کو نوٹس جاری کردیئے۔
جمعرات کوسندھ ہائیکورٹ میں بلڈر جاوید اقبال و دیگر کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ جاوید اقبال زمزمہ میں اپنے آفس میں تھے۔ 10 سے 12 افراد زمزمہ آفس میں داخل ہوئے۔جاوید اقبال کو پولیس یونیفارم اور سادہ لباس افراد ساتھ لے گئے۔ مقامی تھانے نے درخواست وصولی سے انکار کیا ہے۔
جاوید اقبال، طاہر علی اور ابوبکر نے کچھ کیا ہے تو عدالت میں پیش کیا جائے۔عدالت نے آئی جی سندھ و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک جواب طلب کرلیا۔عدالت نے درخواست کی سماعت 28 نومبر تک ملتوی کردی۔ درخواست میں وفاق، وزارت داخلہ، آئی جی سندھ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔









