وزیر اعلیٰ پنجاب

بلوچستان کی ثقافت اپنی ایک منفرد حیثیت رکھتی ہے‘ وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ثقافت اپنی ایک منفرد حیثیت رکھتی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بلوچ کلچر ڈے پر بلوچ بھائیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ثقافت امن کی ثقافت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پنجاب میں بھی بلوچ کلچر ڈے منایا جارہا ہے، میں آج کے دن کی مناسبت سے اپنے بلوچ بھائیوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔عثمان بزدار نے کہا کہ بلوچ کلچر ڈے منانے کا مقصد محبت، بھائی چارے اور یگانگت کو عام کرنا ہے اور بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ بین الثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے، اپنی ثقافت کو یاد رکھنے والی قومیں ہی ترقی کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام قومیں ایک لڑی میں پروی ہوئی ہیں، پاکستان کی دیگر ثقافتوں کی طرح بلوچ کلچر میں بھی محبت اور حب الوطنی کے خدوخال نمایاں ہیں۔عثمان بزدار نے مزید کہا کہ بلوچستان کی ثقافت اپنی ایک منفرد حیثیت رکھتی ہے اور بلوچستان تہذیب و تمدن کا مسکن رہا ہے، بلوچ کلچر ڈے کی طرح دیگر ثقافتوں کے دن بھی بھرپور طریقے سے منائیں گے۔