رانا ثناء اللہ 47

بلوچستان میں جاری مسائل کو سمجھے بغیر ان کا حل تلاش نہیں کیا جا سکتا’ رانا ثنا اللہ

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں جاری مسائل کو سمجھے بغیر ان کا حل تلاش نہیں کیا جا سکتا،ماضی کی غلطیوں کو بدلا نہیں جا سکتا تاہم مستقبل کے لیے درست سمت کا تعین کرنا ناگزیر ہے،بلوچستان میں اس وقت دو الگ الگ بحران موجود ہیں، مگر ہم غلطی یہ کر رہے ہیں کہ دونوں کو ایک ہی طریقے سے حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے،جب تک یہ واضح نہیں ہوگا کہ اصل بحران کیا ہے تب تک مسئلے کی جڑ تک پہنچنا ممکن نہیں۔

عاصمہ جہانگیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بے گناہ بچوں اور خاندانوں کو شناختی کارڈ دیکھ کر گولیاں ماری جاتی ہیں لیکن کیا کبھی کسی نے یہ کہا کہ یہ کارروائیاں بلوچستان کے عوام کرتے ہیں؟ ۔ہم واضح طور پر کہتے ہیں کہ یہ دہشتگرد ہیں جو پاکستان میں امن نہیں چاہتے اور ان کا کسی قوم یا صوبے سے کوئی تعلق نہیں۔انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے افراد اربوں روپے کا کاروبار کر رہے ہیں، مگر کوئی ایک مثال بھی نہیں دی جا سکتی کہ پنجاب میں کسی بلوچ کو نفرت یا تعصب کا نشانہ بنایا گیا ہو۔ یہ حقیقت اس تاثر کو رد کرتی ہے کہ ملک میں نسلی بنیادوں پر نفرت پائی جاتی ہے۔

رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ بے گناہ افراد کو شہید کرنے والوں کا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جعفر ایکسپریس کے واقعے کے روز کیا بھارتی میڈیا پر جشن کا ماحول نہیں تھا، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پاکستان میں بدامنی سے کون فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ ملک میں پائیدار امن کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، جبکہ بلوچستان کا امن اور ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے،بلوچ محب وطن پاکستانی ہیں ،دہشتگردوں کا بلوچوں سے کوئی تعلق نہیں۔راناثنااللہ نے مزیدکہا کہ سکیورٹی فورسزآپریشن ردالفتنہ کے تحت امن وامان یقینی بنارہی ہیں،بلوچستان کیلئے دیگرصوبوں کے لوگوں کے دل سے ہمیشہ دعاہی نکلی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں