ہمایوں اختر خان

بلدیاتی ادارے فعال نہ ہونے سے عوام کومسائل حل کرانے میںمشکلات کا سامنا ہے’ہمایوں اختر خان

فیصل آباد/تاندلیانوالہ (رپورٹنگ آن لائن ) سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ہم نے عام انتخابات میں عوام کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لانے کا جو منشور پیش کیا اس پر پیشرفت کر کے دکھائیں گے .

بلدیاتی اداروں کے فعال نہ ہونے کی وجہ سے عوام اپنے چھوٹے چھوٹے مسائل حل کرانے کیلئے بھی مشکلات کا شکار ہیں۔ حلقہ این اے 97کے عمائدین سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ قومی اور صوبائی حلقوں سے جیتنے والوں نے انتخابات کے بعد حلقے کی حالت کیا سنوارنے تھی انہوںنے تو عوام سے ان کا حال تک پوچھنا گوارہ نہیں کیا ۔

ہم نے عوام کے ساتھ تعلق نبھا کر دکھایا ہے ،ان سے بھرپور رابطے ہیں اور ان کے مسائل حل کرانے کی ہر ممکن کوششیں کرتے ہیں ۔ حلقے کی محرومیوں کے ازالے کے لئے جہاں تک اپنی آواز پہنچا سکتے ہیں اس محاذ پر بھی سر گرم ہیں اور اللہ تعالی نے مرید والا انٹر چینچ کی منظوری ، ظفر چوک سے چک نمبر516تک سڑک کی تعمیر کے آغاز کی صورت میں کامیابی بھی عطا کی ہے.

حلقے میں بجلی کے نظام کی بہتری کے لئے کاوشیں کیں جو رنگ لائی ہیں اور اضافی لوڈ والے علاقوںمیں بجلی کا ترسیلی نظام بہتر ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میرے دروازے حلقے کی عوام کے لئے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں ، حلقے کی ترقی کے لئے کندھے سے کندھا ملا کر چلیں گے ۔