بلاول بھٹو زرداری 91

بلاول بھٹو کی نااہلی کیلئے درخواست پر ،عدالت کی اعتراض دور کرنے کی ہدایت

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر خارجہ اور رکن قومی اسمبلی بلاول بھٹو زرداری کی نااہلی کے لیے دائر اعتراض شدہ درخواست پر سماعت کرتے ہوئے درخواست گزار کو اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد اسحاق نے شہری اشبا ء کامران کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی جس پر عدالت کے رجسٹرار آفس نے قابل سماعت ہونے کے حوالے سے اعتراض عائد کیا تھا۔ سماعت کے دوران درخواست گزار نے عدالت کو یقین دلایا کہ وہ جلد آفس کے اعتراضات دور کر دیں گے۔

عدالت نے رجسٹرار آفس کو ہدایت کی کہ اگر اعتراضات دور کر دئیے جائیں تو کیس کو نمبر الاٹ کیا جائے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری بیک وقت پاکستان پیپلز پارٹی اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے رکن ہیں جو کہ الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔

درخواست گزار کے مطابق الیکشن ایکٹ کے تحت کوئی بھی شخص بیک وقت دو سیاسی جماعتوں کا رکن نہیں ہو سکتا لہٰذابلاول بھٹو قومی اسمبلی کی رکنیت کے اہل نہیں۔ استدعا ہے اسپیکر قومی اسمبلی کو بلاول بھٹو کی نااہلی کے لیے ریفرنس بھیجنے کی ہدایت کی جائے۔عدالت نے مزید کارروائی اعتراضات کے ازالے سے مشروط کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں