بلاول بھٹو زرداری

بلاول بھٹو زرداری کی قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کو صحیح معنوں میں جدید، ترقی پسند اور متحرک جمہوری ریاست بنانے کے لیئے سرگرمِ عمل ہے،اپنی پرامن جدوجہد کے ذریعے ملک میں ہر قسم کے تعصب، دہشت گردی اور انتھاپسندی کیلئے زمین تنگ کردیں گے،کشمیریوں کی مرضی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیر کی آزادی تک پاکستان پیپلز پارٹی کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گی۔

ہفتہ کو جشنِ یومِ آزادی پر اپنے پیغام انہوںنے کہاکہ قوم کو جشنِ یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے،اِس مملکتِ خداداد کو اس وقت تک کوئی خطرہ نہیں، جب تک 1973ع کا آئین ہمارا قومی لائحہ عمل ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ آج کا دن ہمارے بزرگوں کی پرامن سیاسی جدوجہد کے بارآور ہونے اور ان کے جمہوریت پسند ویڑن کی علامت ہے۔ انہوںنے کہاکہ آج اْن عوامل پر غور کرنے کی اشد ضرورت ہے کہ 74 سالوں کے بعد بھی عوام بنیادی سہولیات اور یکساں حقوق سے محروم کیوں ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ عوام کیوں عدم انصاف اور غربت جیسی بیماریوں میں جکڑے ہوئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کو درپیش تمام مسائل کا حل حقیقی جمہوریت کے قیام اور آئین کی پاسداری میں پنہاں ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی اس سوچ اور نظریئے کا تسلسل ہے، جس کی بنیاد پر ہمارے بانی اجداد نے یہ عظیم ملک قائم کیا تھا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کو صحیح معنوں میں جدید، ترقی پسند اور متحرک جمہوری ریاست بنانے کے لیئے سرگرمِ عمل ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ قائداعظم محمد علی جناح اور ان کے رفقاء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں،پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور ان کے رفقاء کی سیاسی جدوجہد اور قربانیوں کا ثمر ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو بھی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ قائدِ عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ملک کو حقیقی معنیٰ میں ایک جمہوری و مساوت پر مبنی ملک بنانے کے لیئے جدوجہد کی۔ انہوںنے کہاکہ قائدِ عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی یہ جدوجہد قائداعظم کی جمہوریت پسند و آئین پسند سوچ و فکر کی عکاس تھی،قائدِ عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹونے اس کاز کی خاطر اپنی جانیں بھی قربان کردیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ آج یہ عہد کرنے کا دن ہے کہ ہم ہر ایسی کوشش و سوچ کی مزاحمت کریں گے، جو عوام کو ووٹ کے ذریعے اپنی پسند و ناپسند کا فیصلہ کرنے میں رکاوٹ بنتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ اپنی پرامن جدوجہد کے ذریعے ملک میں ہر قسم کے تعصب، دہشت گردی اور انتھاپسندی کے لیئے زمین تنگ کردیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ جشنِ یوم آزادی کے موقعے پر مجھے اپنے کشمیری بھائی و بہنیں بھی یاد آرہے ہیں، وہ کشمیری جو اپنے حقِ خودارادیت کے لیئے اس بربریت کا سامنا کر رہے ہیں، انسانی تاریخ جس پر ہمیشہ شرمندہ رہے گی۔ انہوںنے کہاکہ کشمیریوں کی مرضی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیر کی آزادی تک پاکستان پیپلز پارٹی کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گی۔