کراچی (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انسانی حقوق کو جمہوریت کی روح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ہر پاکستانی کے وقار، آزادی اور مساوی حقوق کیلئے اپنے غیرمتزلزل عزم کی تجدید کرتی ہے۔
میڈیا سیل بلاول ہاؤس کے مطابق چیئرمین بلاول نے کہا کہ انسانی حقوق کا دن اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ بنیادی حقوق کو تعلیم، صحت، روزگار اور انصاف تک حقیقی رسائی میں بدلنا ہوگا اور انسانی حقوق کسی مراعات یا طاقت کے بل پر نہیں بلکہ صرف انسان ہونے کی بنیاد پر ہر فرد کا حق ہیں۔
انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں اور شہریوں کو شہری آزادیوں کے محافظ بننا چاہیے، امتیاز کا خاتمہ کرنا ہوگا اور ایک جامع معاشرتی و معاشی ماحول تشکیل دینا ضروری ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا آئیے قانون کی حکمرانی مضبوط کریں، آزادی کا تحفظ کریں اور یقین بنائیں کہ کوئی پیچھے نہ رہ جائے۔
اختتام پر انہوں نے انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والے ایکٹوسٹس کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں قوم کا ضمیر قرار دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی ایک ایسے حقوق پر مبنی اور انسان دوست پاکستان کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی جہاں خواتین، بچے، اقلیتیں، خصوصی افراد، مزدور اور کمزور طبقات وقار، تحفظ اور مساوی مواقع کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔








