کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی رہنمائوں نے پی ایس 9 کے ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار آغا شہباز درانی کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ شکارپور کے ضمنی انتخابات میں تیر کی کامیابی جمہوریت کی فتح ہے۔ اپنے بیان میں بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ پی پی پی امیدوار کی کامیابی دراصل گڑھی یاسین شکارپور کے عوام کی کامیابی ہے۔
انہوںنے کہاکہ شکارپور کے ضمنی انتخابات میں تیر کی کامیابی جمہوریت کی فتح ہے۔ انہوںنے کہاکہ مرحوم آغا سراج درانی کے صاحبزادے کی ضمنی انتخابات یں کامیابی عوام کا پی پی پی پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے پی ایس 9شکار پور کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے امیدوار آغا شہباز درانی کی جیت پر فاتح امیدوار کو شاباش اور جیالوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ شکار پور کے عوام نے بلاول بھٹو کے عوامی ایجنڈے پر مشتمل منشور کو ووٹ دیا۔ شیری رحمن نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی جیت سے واضح ہوا کہ عوام ترقی اور خدمت کو ووٹ دیتے ہیں۔شیری رحمان نے کہاکہ امید ہے کہ آغا شہباز درانی عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے اور عوامی فلاحی خدمات میں کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے۔
سابق وزیر نے کہاکہ پیپلز پارٹی عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے پْرعزم ہے ،صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کی قیادت میں عوامی اعتماد کو کبھی کم نہیں ہونے دیا جائے گا۔سیکرٹری جنرل۔پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز سید نیر حسین بخاری نے پی ایس 9 کے ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار آغا شہباز درانی کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ پی پی پی تیر بردار امیدوار کی جیت شکارپور کے عوام کی کامیابی ہے۔ انہوںنے کہاکہ شکارپور کے ضمنی انتخابات میں تیر بردار امیدوار کی کامیابی جمہوری بیانیہ کی فتح ہے۔ انہوںنے کہاکہ مرحوم آغا سراج درانی کے صاحبزادے کی ضمنی انتخابات میں کامیابی عوام کا پیپلز پارٹی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔
انہوںنے کہاکہ سندھ پیپلز پارٹی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں اور خدمت کارکردگی پر مہر تصدیق ہے۔مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے آغا شہباز درانی کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 9 سے آغا شہباز درانی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گئے۔ انہوںنے کہاکہ سندھ کی عوام نے ایک مرتبہ پھر پیپلز پارٹی پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ شازیہ مری نے کہاکہ پاکستان کی عوام کا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پر ہمیشہ بھرپور اعتماد رہا ہے، ملک کے لوگ پیپلز پارٹی کو اپنا نجات دہندہ سمجھتے ہیں۔شازیہ مری نے کہاکہ پیپلز پارٹی پاکستان میں اتحاد بھائی چارے اور چاروں صوبوں کی زنجیر ہے، کراچی سے خیبر اور کشمیر وگلگت بلتستان تک شہید بھٹو کے جیالے موجود ہیں۔
شازیہ مری نے کہاکہ روٹی کپڑا اور مکان کے نعرے کو پیپلز پارٹی نے ہی پورا کیا ہے۔ شازیہ مری نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی سندھ بلوچستان اور آذاد کشمیر میں قائم حکومتیں اپنی عوام کی دل سے خدمت کر رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ یہی وجہ ہے کہ سندھ کی عوام نے شکارپور میں اپنے ووٹ کے ذریعے پیپلز پارٹی پراپنے بھرپور اعتماد کااظہار کیاہے۔ شازیہ مری نے کہاکہ سیاسی مخالفین کی سندھ میں ضمانتیں ضبط ہو چکی ہیں، سندھ کی عوام کے اعتماد پر ہم تہہ دل سے مشکور ہیں۔








