لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ اس وقت بشری بیگم کا واحد قصور عمران خان کے ساتھ مخلص ہونا ہے،پاکستان کی سیاست میں کبھی کسی گھریلو خاتون کے ساتھ ایسی انتقامی کاروائی نہیں کی گئی۔
ایکس پر جاری اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہیلی کاپٹر سے نصرت بھٹو کے پوسٹرز گرائے، بینظیر بھٹو کی کردار کشی کی لیکن اب تو وہ ہر اخلاقی حد سے تجاوز کر چکے ہیں۔ہمارا خیال تھا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی حیا رکھتے ہوئے پیپلز پارٹی تو کم از کم خود کو اس گند سے الگ کر لے گی لیکن اقتدار کی لالچ انہیں اندھا کر چکی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ساری فیملی کو اس وقت سیاسی انتقامی کا نشانہ بنایا جارہا ہے لیکن اس کے باوجود سب ڈٹ کر کھڑے ہیں اوریہی کارکنوں کے لئے حوصلے کا باعث ہے۔