کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اسما عباس نے لیجنڈری اداکارہ بشری انصاری اور اداکار فیروز خان سے متعلق گمراہ کن اور سنسنی خیز خبروں پر سوشل میڈیا پیجز کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں اسما عباس نے سوشل میڈیا پیجز کو اس وقت سخت تنقید کا نشانہ بنایا جب مختلف سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے بشریٰ انصاری کے فیروز خان سے متعلق بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔انہوںنے کہاکہ محض کلک بیٹ اور سنسنی پھیلانے کیلئے بشریٰ انصاری کے الفاظ کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے اسما عباس نے واضح کیا کہ حال ہی میں میری معصوم بہن بشریٰ انصاری نے کہیں یہ کہا تھا کہ میں نے فیروز خان کے ساتھ پہلی بار کام کیا۔
شروع میں وہ کچھ شرمیلے اور خاموش تھے، لیکن بعد میں ان کے ساتھ ایک خوبصورت تعلق بن گیا۔ اب وہ مجھ سے پیار سے ملتے ہیں اور کہتے ہیں کہ آپ بہت سویٹ ہیں اور میں آپ کے بغیر نہیں رہ سکتا۔ یہ سب ایک محبت بھرا، خاندانی سا تعلق ہے۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اس بیان کو غلط رنگ دیا گیا، میں نے کہیں پڑھا کہ فیروز خان نے کہا ہے کہ وہ بشریٰ انصاری سے محبت کرتے ہیں، ان کے بغیر نہیں رہ سکتے اور ان سے شادی کرنا چاہتے ہیں۔اسما عباس نے کہا کہ یہ کون لوگ ہیں،
ان لوگوں کے دماغ میں کیا بھرا ہوا ہے، مجھے سمجھ نہیں آتا،وہ اس قدر جھوٹ کیسے لکھ سکتے ہیں؟ انہیں ذرا بھی خوف نہیں آتا؟ کیا وہ اپنی سزا کے بارے میں نہیں سوچتے؟ مجھے یہ پڑھ کر بیحد غصہ آیا، یہ انتہائی تکلیف دہ ہے کہ آپ جو چاہیں، لکھ دیں۔انہوں نے اپنی ویڈیو میں ایسے لوگوں کیلئے ہدایت کی دعا بھی کی اور کہا کہ ڈراموں میں جو فنکار ہمارے بچوں کا کردار ادا کرتے ہیں وہ ہمارے بچوں جیسے ہی ہوتے ہیں۔









