مراد علی شاہ 25

بس آتشزدگی میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر وزیر اعلی سندھ کا دکھ اور افسوس کا اظہار

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)دادو میں بس میں آگ لگنے کے افسوسناک واقعے پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ واقعے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت کو انتہائی دلخراش قرار دیتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ یہ نقصان پوری قوم کا سانحہ ہے۔ترجمان وزیراعلی ہاؤس کے مطابق سید مراد علی شاہ نے واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعلی سندھ نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اپنے محافظوں کی قربانی کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہدا کی وردی کا قرض ریاست پر واجب ہے اور حکومت اس ذمہ داری کو ہر صورت نبھائے گی۔مراد علی شاہ نے اعلان کیا کہ شہید اہلکاروں کے لواحقین کو ہر ممکن مالی اور قانونی تعاون فراہم کیا جائے گا جبکہ زخمیوں کے علاج معالجے کے تمام اخراجات سندھ حکومت برداشت کرے گی۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور واقعے کی مکمل رپورٹ فوری طور پر پیش کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں