لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر محفوظ بسنت کیلئے جاری اقدامات کے تحت مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر نے ٹریفک پولیس کے افسران کے ہمراہ لاہور کے مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل سواروں کو سیفٹی راڈز فراہم کئے اورشہریوں کوٹریفک قوانین اور حفاظتی اقدامات سے متعلق آگاہی دی گئی ۔
سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ بسنت ایک قدیم تہوار ہے جو چند ناعاقبت اندیشوں کی لاپرواہی کے باعث کہیں کھو گیا تھا، پنجاب حکومت دو دوہائیوں بعد بسنت کے تہوار کو محفوظ طریقے سے منانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ، موٹر سائیکلوں پر سیفٹی راڈز کی تنصیب بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ وہ بسنت کیلئے ڈور کی موٹائی ، ساخت اور گڈی کے سائز کے حوالے سے طے کئے گئے ایس او پیز پر عملدر آمد کریں تاکہ یہ تہوار محفوظ طریقے سے منعقد ہو اور اس کا آئندہ بھی سلسلہ جاری رہے ۔
انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت واضح ہے کہ اس حوالے سے جو قانون سازی کی گئی ہے اور جو ایس او پیز طے کئے گئے ہیں ان پر عملدرامد کے لئے زیرو ٹالرنس ہے ۔حکومت کی جانب سے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے تاکہ تہوار خوشیوں کے ساتھ محفوظ ماحول میں منایا جا سکے۔اس تہوار سے صوبے میں نہ صرف ثقافت بلکہ معاشی سر گرمیاں بھی عروج پائیں گی ۔









