برلن (ر پورٹنگ آن لائن)جرمنی کے وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ یورپی یونین برطانیہ کے ساتھ مذکرات کی ناکامی کے لیے تیار ہے لیکن اس کے برطانوی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق جرمن وائس چانسلر اور وفاقی وزیر خزانہ اولاف شولس نے برطانوی حکومت کو خبردار کیا کہ اگر بریگزٹ سے متعلق تجارتی معاملات طے نہ ہوسکے تو اس کے نقصانات کی ذمہ داری برطانیہ پر ہوگی۔
برلن میں یورپی وزرائے خزانہ کے اجلاس کے بعد شولس کا کہنا تھا کہ اگر مستقبل کی تجارت کے حوالے سے معاملات طے نہ ہوسکے تو یورپی یونین تو اس صورتحال سے نمٹ لے گی لیکن اس کے برطانوی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ بات چیت کا سلسلہ ٹوٹنے کی صورت میں یورپ ان حالات سے نمٹ لے گا۔ ہم نے اس کے لیے تیاری کر رکھی ہے اس لیے یہ اتنا مشکل نہیں ہوگا۔اس موقع پر یورپی یونین کے اقتصادی کمشنر پالو جینٹیلونی نے کہا کہ اب یہ برطانیہ پر منحصر ہے کہ وہ اعتماد کی بحالی کے لیے اقدامات کرے۔