کوچ برینڈن میکولم 57

برینڈن میکولم انگلینڈ کے ہیڈ کوچ کے طور پر کام جاری رکھنے کے خواہاں

میلبورن(رپورٹنگ آن لائن)انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ برینڈن میکولم نے کہا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں جاری رکھنا چاہتے ہیں، تاہم ان کے مستقبل کا حتمی فیصلہ ان کے اختیار میں نہیں،ایشز سیریز میں ابتدائی تین ٹیسٹ میچز میں شکست کے بعد برینڈن میکولم اور کپتان بین سٹوکس دونوں کے مستقبل پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

بی بی سی کے مطابق نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے برینڈن میکولم کا انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے ساتھ معاہدہ 2027 میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ تک ہے، جس میں رواں سال کھیلی جانے والی ایشز سیریز بھی شامل ہے۔برینڈن میکولم نے کہاکہ یہ ایک بہترین ذمہ داری ہے، دنیا بھر میں ٹیم کے ساتھ سفر کرنا اور مثبت کرکٹ کھیلنے کی کوشش کرنا خوشگوار تجربہ ہے۔ میرا مقصد صرف یہ ہے کہ کھلاڑیوں سے بہترین کارکردگی حاصل کی جائے۔ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میں شکست کے بعد کپتان بین سٹوکس نے بھی واضح کیا کہ وہ انگلینڈ کی قیادت جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

بین سٹوکس نے نومبر میں نیا سینٹرل کنٹریکٹ سائن کیا تھا جو 2027 تک ہے۔برینڈن میکولم اور بین سٹوکس کے مستقبل سے متعلق فیصلہ ممکنہ طور پر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر راب کی کے ہاتھ میں ہوگا، جو بہت جلد میلبورن میں میڈیا سے گفتگو کرنے والے ہیں۔برینڈن میکولم نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ میں آئندہ سیزن میں بھی ذمہ داری سنبھالوں گا یا نہیں۔ میں صرف اپنا کام کرنے، غلطیوں سے سیکھنے اور بہتری لانے پر توجہ دے رہا ہوں۔برینڈن میکولم کو 2022 میں انگلینڈ کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا، جہاں انہوں نے بین سٹوکس کے ساتھ مل کر ٹیم کو نئی شناخت دی اور ابتدائی 11 میچوں میں 10 فتوحات حاصل کیں۔ تاہم بعد ازاں انگلینڈ کی کارکردگی میں تسلسل برقرار نہ رہ سکا اور آسٹریلیا و بھارت کے خلاف بڑی سیریز جیتنے میں ناکامی رہی۔

ایشز میں مسلسل تین شکستوں کے بعد انگلینڈ کو اب 0ـ5 کی کلین سویپ کے خطرے کا سامنا ہے۔انگلینڈ کی ٹیم 2010ـ11 کے بعد سے آسٹریلیا میں کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیت سکی۔برینڈن میکولم نے کہا کہ ٹیم ابھی مکمل نہیں، لیکن واضح شناخت کے ساتھ بہتر کرکٹ کھیل رہی ہے۔ ان کے مطابق باقی دو ٹیسٹ میچز میں انگلینڈ کو اپنی اصل پہچان دکھانے اور سیریز سے کچھ حاصل کرنے کی کوشش کرنی ہوگی۔چوتھے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان ہے، جہاں بلے باز اولی پوپ کو ڈراپ کیا جا سکتا ہے، جبکہ بولنگ اٹیک میں بھی رد و بدل زیر غور ہے۔برینڈن میکولم نے واضح کیا کہ وہ موجودہ 16 رکنی سکواڈ سے باہر کسی کھلاڑی کو شامل کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں ہمیشہ اپنے کھلاڑیوں کا دفاع کروں گا۔ عوامی سطح پر حمایت ضروری ہے، جبکہ اندرونی طور پر بہتری کے لیے بات چیت ہوتی رہتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں