لندن(ر پورٹنگ آن لائن)برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے جنگ زدہ ملک یوکرین کا دورہ کیاہے جہاں انہوں نے کیف میں یوکرینی صدر ولادی میر زیلنسکی سے ملاقات کی ہے اور ان کے ہمراہ دارالحکومت کا دورہ بھی کیاہے۔اس موقعے پر انہوں نے اعلان کیاہے کہ لندن یوکرین کے لیے ایک نیا مالی اور فوجی امدادی پیکج تیار کر رہا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق جانسن نے کہا کہ یہ امدادی پیکج اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کے ملک نے فروری کے اواخر سے روس کے خلاف اور یوکرین کی حمایت کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
جانسن نے ٹویٹر پر کہا کہ انہوں نے کیف میں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کی تاکہ وہ اپنے ملک کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت ظاہر کریں۔ٹین ڈائوننگ اسٹریٹ نے اعلان کیا کہ برطانوی وزیر اعظم یوکرینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کیف گئے ہیں۔لندن نے کہا کہ جانسن زیلنسکی کے ساتھ یوکرین کو مزید دفاعی اور مالی امداد بھیجنے پر بات کر رہے ہیں۔ادھریوکراینی صدر کے معاون آندرے سبیہا نے فیس بک پر ان دونوں کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ جانسن کا دورہ کیف کے دوران ان کی زیلنسکی کے ساتھ دو طرفہ ملاقات سے شروع ہوا ہے۔