وزیر اعلیٰ سندھ

برساتوں اور سیلاب کی وجہ سے ڈیڑھ کروڑ سے بھی زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں،وزیر اعلیٰ سندھ

ٹھٹھہ (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے اور سیلاب متاثرین کو درپیش مسائل کو دیکھنے کے لئے ایک ماہ کے دوران دوسری بار ٹھٹھہ پہنچ گئے ۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ دریائے سندھ کے بائیں طرف جو بلوچستان سے سیلابی پانی آیا ہے اس کی وجہ سے سندھ کے 24 چوبیس اضلاع سیلابی ریلے سے شدید متاثر ہوئے ہیں، سندھ کے کچھ اضلاع اسے بھی ہیں جو 90فیصد تک پانی میں ڈوب چکے ہیں اور وہاں بے شمار متاثرین ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ کے دونوں جانب سیلابی پانی اب اترنا شروع ہوچکا ہے ۔وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں حالیہ برساتوں اور سیلاب کی وجہ سے ڈیڑھ کروڑ سے بھی زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں. ریلیف کے کاموں کے سلسلے میں انہوں نے بتایا کہ سندھ میں ٹینٹوں کی ڈیمانڈ پندرہ لاکھ ہے ۔

ہم اب تک دو سے ڈھائی لاکھ ٹینٹ اور ایک دو لاکھ ترپال کی تقسیم متاثرین میں کر چکے ہیں۔ہم سندھ میں 33 فیصد ریلیف کا کام کر چکے ہیں مگر پورے پاکستان میں ٹینٹوں کی سپلائی نہیں ہو پارہی ہے. تمام مینوفیکیچرز سے ٹینٹ لے رہے ہیں تمام فورسز بھی ریلیف کے کاموں میں شامل ہیں جن میں پاک فوج, نیوی اور ہوائی فورسز بھی شامل ہیں۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ بین الاقوامی مدد بھی مل رہی ہے۔