نیمار 95

براز یلی فٹبالرنیمار کے بائیں گھٹنے کی کامیاب سرجری

ریو ڈی جنیرو(رپورٹنگ آن لائن)برازیل کے شہرہ آفاق فٹ بالر نیمار نے اپنے بائیں گھٹنے کی کامیاب سرجری کرائی ہے جس کی تصدیق برازیل کی سیری اے کلب سانتوس نے کی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق برازیلین قومی ٹیم کے ڈاکٹر روڈریگو لاسمار نے بیلو ہوریزونٹے کے جنوبی شہر کے میٹر ڈی نیویا لیمہ ہسپتال میں یہ آرتھوروسکوپی کی۔ سانتوس کے آفیشل ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ نیمار کے گھٹنے کی سرجری کامیاب رہی ہے اوران کی حالت ٹھیک ہے۔بیان میں کہا گیا کہ 33 سالہ برازیلین فٹبالر نیمار کو سرجری کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا تھااور وہ فوری طور پر اپنی فزیو تھراپی شروع کروائیں گے جس کی نگرانی فزیوتھراپسٹ رافیل مارٹینی کریں گے۔

اس سے قبل نیمار نے رواں ماہ کے شروع میں انکشاف کیا تھا کہ وہ 2025 کی برازیلی سیزن کے دوسرے نصف حصے میں اس چوٹ کے ساتھ کھیل رہے تھے تاہم انہوں نے سانتوس کو ریلیگیشن سے بچانے کے لیے درد کے باوجود کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔بارسلونا اور پیرس سینٹ جرمین کے سابق سٹار نیمار نے رواں سال تمام مقابلوں میں صرف 28 میچز کھیلے، جن میں 11 گول کیے اور 4 اسسٹ فراہم کیں۔

اس سرجری کے بعد نیمار کے بارے میں یہ توقع کی جا رہی ہے کہ وہ سانتوس کے ساتھ اپنے معاہدے کی تجدید کے لیے مذاکرات میں شدت لائیں گے، جو 31 دسمبر 2025کو ختم ہو رہا ہے۔ سانتوس کی انتظامیہ معاہدہ کی تجدید کے حوالے سے پرامید ہے اور وہ 2026 ورلڈ کپ کی تیاریوں میں نیمار کو شامل دیکھنا چاہتے ہیں۔نیمار کیلئے برازیل کی قومی ٹیم کے ساتھ 2026 ورلڈ کپ میں شرکت ایک اہم مقصد ہے، جس کا انہوں نے اپنی تعطیلات کے دوران عوامی طور پر اعلان کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں