اسلام آباد(عکس آن لائن)کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹیکسز کے حوالے سے تذبذب کی صورتحال کو واضح کرنے کیلئے وضاحت جاری کرے ، حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت سمیت دیگر برآمدی شعبوں کو سہولیات دینے کا اعلان کرے ، کورونا وباء کے دوران برآمدی صنعتوں کو مزید ریلیف دیا جانا چاہیے تاکہ ہماری برآمدات متاثر نہ ہوں ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدات میں اضافہ کئے بغیر معیشت اور زر مبادلہ کے ذخائر کو مستحکم نہیں کر سکتی اور اس کیلئے ضروری ہے کہ تمام برآمدی شعبوں کی بھرپور معاونت کی جائے ۔
حکومت برآمدی شعبوں کی کیٹگری بنائے اور جو برآمدی شعبے اس وقت زیادہ مشکلات کا شکار ہیں انہیں اسی تناسب سے معاونت اور ریلیف دیا جائے ۔ پرویز حنیف نے کہا کہ کورونا وباء کی تیسری لہر میں شدت آنے کے بعد مینو فیکچررز اوربرآمدگان کے لئے مشکلات میں اضافہ ہوا ہے اس لئے حکومت کو سرپرستی کیلئے فوری طو رپر میدان میں آنا چاہیے ۔ پرویز حنیف نے کہا کہ حکومت ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت سے وابستہ ہنر مندوں کو مشکلات کو پیش نظر رکھتے ہوئے خصوصی پیکج کا اعلان کرے ۔