کارپٹ ایسوسی ایشن

برآمدات میں مضبوط ساکھ رکھنے والوںکو بیرونی ادائیگیوں میں تاخیر پر ہراساں نہ کیا جائے’ کارپٹ ایسوسی ایشن

اسلام آباد/لاہور(ر پورٹنگ آن لائن )پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے وزارت ،ٹیکسٹائل اور اس کے ذیلی ادارے تمام ایسوسی ایشنز سے رابطے بڑھائیں تاکہ مسائل کو حل کرنے میں مدد مل سکے ،برآمدات کے فروغ کیلئے رکاوٹوںکو فی الفور دور کرنے کی ضرورت ہے ، برآمدات میں مضبوط ساکھ رکھنے والے برآمد کنندگان کو بیرونی ادائیگیوں میں تاخیر ہونے پر ہراساں نہ کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد نے اپنے ایک بیان میں کیا ۔

انہوںنے کہا کہ برآمدات کے فروغ کیلئے صرف پالیسیاں بنا دینا کافی نہیں بلکہ ان پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنانا ہوگا۔ گزرتے وقت کے ساتھ پالیسیوں کو نظر انداز کرنے سے ان سے استفادہ نہیں کیا جا سکتا ۔ موجودہ حالات میں ہمیں برآمدات کے فروغ کیلئے ہر طرح کے اقدامات اٹھانا ہوں گے بصورت دیگر ہم اپنے اہداف حاصل نہیں کر سکیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت تنزلی کا شکار ہے اس لئے مرکزی بینک اور دیگر متعلقہ اداروں کو نہ صرف برآمد کنندگان کی مشکلات کو سمجھنا چاہیے بلکہ ان کا ازالہ بھی کیا جائے۔ برآمدکنندگان کو بیرونی ادائیگیوں میںتاخیر پر ہراساں کیا جاتا ہے جو درست اقدام نہیں ،برآمدات میں ساکھ رکھنے والے برآمد کنندگان کو اس تناظر میں مہلت ملنی چاہیے ۔