لاہور(رپورٹنگ آن لائن)قائم مقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی برآمدات میں رائس ایکسپورٹرز کا بڑا کر دار ہے، حکومت کسانوں اور زرعی ایکسپورٹرز کی بہتری کیلئے سنجیدہ ہے۔
قائم مقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے مقامی ہوٹل میں رائس ایکسپورٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 17 ویں ایکسپورٹ ٹرافی ایوارڈ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کا باسمتی چاول دنیا بھر میں مقبول ہے ،زرعی شعبے میں بہتری کے لئے کسانوں کو خوشحال کرنا ہوگا،پاکستان کا مستقبل زرعی شعبے کی ترقی میں ہے ۔
یوسف رضا گیلانی نے نمایاں کارکردگی کے حامل رائس ایکسپورٹرز میں ایوارڈز بھی تقسیم کئے۔ تقریب میں سابق چیئرمین سینٹ محمد میاں سومرو ،قونصل جنرل ایران مہران موحدفر،چینی قونصل جنرل ژاؤ شرین اور ملک بھر سے رائس ایکسپورٹ ایسوسی ایشن کے عہدیدار اور ممبران شریک ہوئے۔









