لاہور(رپورٹنگ آن لائن)کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے کہا ہے کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی انڈسٹری سے وابستہ مینو فیکچررز اوربرآمدکنندگان کو مختلف ممالک کے رجحانات سے آگاہی دی جاتی ہے ،کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کی استعداد میں مزید اضافہ کرنے کے لئے مختلف منصوبوں پر پیشرفت کی جارہی ہے جس کے دورس نتائج برآمد ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹی ٹیوٹ کے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ پرویز حنیف نے کہا کہ پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالین اپنے معیار اورڈیزائن کی وجہ سے آج بھی پوری دنیا میں اپنی منفرد پہچان رکھتے ہیں۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی مصنوعات کی دنیا بھر میں موثر مارکیٹنگ کی جائے ۔ انہوںنے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کی برآمداتی مصنوعات کی تشہیر کے لئے الگ سے محکمہ بنائے جہاں برآمدی مصنوعات کی تشہیر کیلئے الگ الگ پویلینز بنائے جائیں ،اسی محکمے کو ریسرچ کا کام بھی سونپا جائے جو دنیا کے مختلف ممالک میں بسنے والے لوگوں کے رجحانات اور دیگر ممالک کی برآمدات کا جائزہ لے کر سفارشات مرتب کرے ۔ حکومت اس کیلئے پرائیویٹ سیکٹر سے مدد لے اور خاص طو رپر یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل ہونے والے نوجوانوںکو ذمہ داریاں سونپی جائیں جس سے انہیں روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔