فواد چوہدری

بد قسمتی سے ریلوے میں جو سرمایہ کاری ہونی چاہیے وہ نہیں ہوئی،وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بد قسمتی سے ریلوے میں جو سرمایہ کاری ہونی چاہیے وہ نہیں ہوئی، ریلوے پر سرمایہ کرنے سے اس کے حالات میں بہتری آئے گی، حکومت چین کے تعاون سے ایم ایل ون منصوبہ لے کر آئی ہے، جس سے ریلوے میں بہتری آئے گی، پوری قوم غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں شریک ہے، لواحقین کی ہر طرح سے مدد کےلئے حکومت تیار ہے اور ان کی مکمل دیکھ بحال کی جائے گی۔

پیر کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملت اور سرسید ایکسپریس حادثے کے حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے، تحقیقات جاری ہیں، صبح 3بجکر43منٹ پر صبح میں سکھر کنٹرول آفس سے اطلاع ملی تھی کہ ملت ایکسپریس 3بجکر38منٹ میں ڈی ریل ہوئی ہے جبکہ اس کے بعد 3بجکر38منٹ پر سرسید ایکسپریس، ملت ایکسپریس سے ٹکرا گئی، حادثے میں 6بوگیاں ملت ایکسپریس کی ڈی ریل ہوئیں اور 5الگ گئیں جبکہ سرسید ایکسپریس کی 2بوگیاں ڈی ریل ہوئیں، 3بوگیاں الٹ گئیں۔ انہوں نے کہا کہ 3بجکر48منٹ پر سکھر کنٹرول آفس کو موصول ہوئی جس پر فوری طورپر ڈی ایم ایس، ڈپٹی ڈی ایم ایس، ڈی سی او، اے ٹی او جائے حادثے پر پہنچے۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کو اس حادثے کے حوالے سے فوری طور پر خبر ملی، انہوں نے وزیر ریلوے اعظم سواتی کو فوراً جائے حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت کی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ حادثے میں 31 افراد جاں بحق ہوئے اور 100 سے زائد زخمی ہیں جبکہ جاں بحق افراد میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔ انہوںن ے کہا کہ پوری قوم غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں شریک ہے، لواحقین کی ہر طرح سے مدد کےلئے حکومت تیار ہے اور ان کی مکمل دیکھ بحال کی جائے گی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ بد قسمتی سے ریلوے میں جو سرمایہ کاری ہونی چاہیے وہ نہیں ہوئی، ریلوے پر سرمایہ کرنے سے اس کے حالات میںبہتری آئے گی، حکومت چین کے تعاون سے ایم ایل ون منصوبہ لے کر آئی ہے، جس سے ریلوے میں بہتری آئے گی