کراچی(رپورٹنگ آن لائن)ایڈمنسٹریٹرکراچی وترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے کہاہے کہ بحریہ ٹائون کے لئے بھی پیسے سندھ حکومت کو ملتے ہیں تو بہتر کام کرکے دکھائیں گے۔
ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی چیز صوبے کے اندر ہوتی ہے، وہ سسٹم کے تحت ہوتی ہے۔ افسران کی تعیناتی اور تبادلے قانون کے مطابق ہوتے ہیں۔ ڈی جی کے ڈی اے کی تعیناتی بھی قانون کے تحت ہوئی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر بحالی کا کام کریں گی۔ وزیر اعلی کی جانب سے ایک ارب روپے منظور کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بحریہ ٹائون کے پیسے سندھ حکومت کو ملتے ہیں تو بہتر کام کرکے دکھائیں گے۔
خرم شیر زمان صرف باتیں اور سیاست کرنا جانتے ہیں۔ نسلہ ٹاور پر جو عدالت کا فیصلہ آئے گا اس پر عمل کیا جائے گا۔ ماضی میں یہاں کیا کچھ ہوتا رہا ہے اس پر کچھ کہنا نہیں چاہتا۔ شہر کو تجاوزات سے صاف کرنے کی ضرورت ہے۔